کمیشن یا ذاتی مفادات پر مبنی کوئی بھی اسکیم پی ایس ڈی پی کا حصہ نہیں ہوگی، سرفراز بگٹی
کوئٹہ( این این آئی) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ ماضی کی غلط روایات کو ختم کرکے پی ایس ڈی پی کے لئے مختص وسائل کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے ،کمیشن یا ذاتی مفادات پر مبنی کوئی بھی اسکیم پی ایس ڈی پی کا حصہ نہیں ہوگی ۔ یہ بات انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی، اجلاس میں صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون و متعلقہ حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص وسائل و اخراجات پر بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان سر فراز بگٹی نے محکمہ تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کام کی رفتار تیز ،واشک کے لئے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پی ایس ڈی پی میں ہونے والی کمی بیشی کو درست کرکے بہتر بنایا جائے پی ایس ڈی پی میں شفافیت اور عوامی ضروریات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، وزیر اعلی بلوچستان نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلط روایات کو ختم کرکے پی ایس ڈی پی کے لئے مختص وسائل کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے پی ایس ڈی پی کی شفافیت کا جائزہ لینے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے پی ایس ڈی پی کے ہر مرحلے پر کڑی نظر رکھی جائے گی کمیشن یا ذاتی مفادات پر مبنی کوئی بھی اسکیم پی ایس ڈی پی کا حصہ نہیں ہوگی کوئی بھی” بابو ” کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی ہوگی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام بلوچستانی تک پہنچنے ضروری ہیں ۔