پاک چین پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی، تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ احترام و بھروسا ہے، شہباز شر یف

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت اور بھروسا ہے، پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹریٹیجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، سی پیک منصوبے سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار و زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے، پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹس کا پہلا بیج چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا۔پرائم منسٹر ہاوس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم (Yaun Xikum) نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین ما زے تنگ کی بھتیجی مادام ما شیا چنگ بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ما زے تنگ کے اسکلپچرز کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ما زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی ۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا ۔ وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ما کے شاندار اسکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب تاریخی ہے۔ دونوں لیڈرز کے اسکلپچرز ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی جب کہ جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چئیرمین ماو کا کلیدی کردار تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین مازے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں۔ چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ پاکستان میں وادی سندھ قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے، موہنجو دڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سال چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورے سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔ پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹریٹیجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار و زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے۔ پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹس کا پہلا بیج چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات ، نشریات و ثقافت عطا اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ،پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ،چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور سرکاری افسران موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں