190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف فیصلہ تیسری بار مؤخر

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر کردیا گیا ہے، کیس کا فیصلہ اب جمعے کو سنایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید 9 بجے سے کمرہ عدالت میں موجود تھے تاہم عمران خان، بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کمرہ عدالت میں نہیں پہنچے۔جج ناصر جاوید نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو آج فیصلہ کے سنائے جانے کا علم تھا لیکن وہ عدالت پیش نہیں ہوئیں، عمران خان کو دو مرتبہ پیغام بھجوایا گیا لیکن وہ بھی تاحال پیش نہیں ہوئے، صبح ساڑھے 8 بجے سے عدالت موجود ہوں نہ ملزمان اور نہ ہی ان کے وکلا پیش ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے، ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیے گئے۔یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ٹرائل ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوا، نیب ریفرنس کا ٹرائل گزشتہ سال 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا، کیس کا فیصلہ ابتدائی طور پر 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا۔بعد ازاں، عدالت نے چھٹیوں اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا۔تاہم، 6 جنوری کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا اور یہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، گزشتہ سماعت پر جج ناصر جاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں