کرم، پاراچنار جانے والے امدادی قافلے پر حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی
کرم (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز ضلع کرم کے علاقے بگن میں پاراچنار جانے والے امدادی قافلے کے سامان سے بھرے ٹرکوں پر فائرنگ کے واقعے میں لاپتہ ہونے والے 5 ڈرائیوروں میں سے 4 کی لاشیں اڑوالی سے مل گئیں جس کے بعد واقعے میںجاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔کرم کے پولیس حکام کے مطابق لاشیں لوئر کرم کے علی زئی اسپتال میں پہنچا دی گئی ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق گزشتہ روز کرم سے بگن جانے والے تیسرے امدادی قافلے پر دہشت گردوں نے راکٹوں سے حملہ اور فائرنگ بھی کی تھی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملے سے قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔اس سے قبل کرم کے لیے تیسرے قافلے کے پہلے مرحلے میں 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں شامل تھیں جبکہ قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔


