سوئیٹ ہوم اسلام آباد کی طرز پر بچوں کیلئے ایک ادارہ کوئٹہ میں بھی قائم کرنا چاہتے ہیں، سرفر از بگٹی
کوئٹہ(مانیٹر نگ ڈیسک )وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ سوئیٹ ہوم اسلام آباد کی طرز پر ایک مثالی ادارہ کوئٹہ میں بھی قائم کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلی ہاوس کوئٹہ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، سرفراز بگٹی سے سوئیٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں کی ملاقات ہوئی، جو وزیراعلی بلوچستان کی دعوت پر کوئٹہ کا دورہ کر رہے تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعلی بگٹی نے کہا کہ سوئیٹ ہوم جیسے ادارے ہمارے معاشرے کی روشن امید ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ سوئیٹ ہوم جیسا ادارہ کوئٹہ میں بھی قائم ہو تاکہ بچوں کی بہتر تربیت اور نگہداشت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔وزیراعلی نے سوئیٹ ہوم کے بچوں کے حوصلے کو سراہا اور ان کے ساتھ کھانا کھایا، ساتھ ہی تحائف بھی دیے۔ سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان حکومت سوئیٹ ہوم کے بچوں کی کفالت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔


