ڈیووس 2025،پاکستان پویلین، ’بلوچستان بریک فاسٹ‘ میں سرفراز بگٹی بحیثیت مہمان خصوصی مدعو

ڈیووس/ کوئٹہ ( این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی رواں ہفتے سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ 53ویں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے۔ 23 جنوری کو ڈیووس میں منعقدہ ‘‘پاکستان پویلین، بلوچستان بریک فاسٹ’’ میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو بحیثیت مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے یہ تقریب پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام ‘‘ڈیووس 2025’’ کے دوران منعقد ہو رہی ہے جس میں دنیا کے 120 سے زائد ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ تقریب کے میزبان چیئرمین پاتھ فائنڈر گروپ، زرار سہگل ہوں گے جبکہ کلیدی مقررین میں ایڈم وائن اسٹائن، ریسرچ فیلو کوئنسی انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر ہما بقائی، اور سابق وزیرِاعظم پاکستان سینیٹر انوار الحق کاکڑ شامل ہیں تقریب کے مقررین بلوچستان کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع، اور خطے کے روشن مستقبل پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیر ِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے خطاب میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سی پیک کے تحت ہونے والی پیش رفت، اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے دستیاب مواقع کو اجاگر کریں گے یہ تقریب نہ صرف بلوچستان کی ترقیاتی ترجیحات کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ بھی ثابت ہوگی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے خطاب کو ملک اور خطے کے معاشی و اقتصادی حالات کے تناظر میں نہایت اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کا عالمی فورم پر خطاب بلوچستان کی ترقی کے عزم اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کی ایک واضح مثال ہوگا بلوچستان کی ترقیاتی حکمت عملی اور سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے ڈیووس 2025 میں ہونے والی یہ تقریب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں