انٹرپول نے کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی اسمگلرز کیخلاف ریڈ نوٹسز جاری کردیئے

اسلام آباد(این این آئی)موریطانیہ کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی جس میں اہم پیشرفت بھی ہوئی ہے۔ انٹر پول کی جانب سے لیبیا، یونان اور موریطانیہ میں روپوش، یونان، لیبیا اور مراکش کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی اسمگلرز کے خلاف ریڈ نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان ممالک میں جائیں گی۔ ادھر ایف آئی اے نے کشتی واقعے کی تحقیقات کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم انصر کو گوجرانوالہ سے گرفتار کر لیا، ملزم نے عامر نامی شہری کو اسپین بھجوانے کے لیے 54 لاکھ روپے لیے تھے جب کہ متاثرہ نوجوان عامر موریطانیہ کشتی واقعہ میں زندہ بچ گیا ہے۔اس کے علاوہ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد اور ساہیوال سے بھی تین انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔یاد رہے کہ 16 دسمبر کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں