ٹانک،پولیس کانسٹیبل اغوا کے بعد قتل، گھر جلا دیا گیا

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم ملزمان نے پولیس کانسٹیبل کو اغوا کے بعد قتل کر دیا، گھر جلا دیا گیا، لاش قریبی کھیتوں سے ملی۔پولیس حکام کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس کانسٹیبل اختر زمان سکنہ گاؤں گرہ شادہ کے گھر پر اچانک حملہ کر دیا اور گھر نذر آتش کرتے ہوئے سامان کو مکمل تباہ کر دیا۔ مسلح افراد نے بعد ازاں کانسٹیبل کو اغوا کرلیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک اسلم نواز خان کی ہدایات پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی، اس دوران کانسٹیبل کی لاش قریبی کھیتوں سے مل گئی۔ڈی پی او ٹانک نے کہا کہ علاقے میں قیام امن اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، پولیس نے علاقے کی نگرانی بڑھاتے شہریوں کو مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں خطرات کے پیش نظر اہلکاروں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ دہشت گرد دوبارہ سرگرم نہ ہو سکیں، دہشت گردوں کو جلد پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آپریشن میں پولیس کی مدد کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں