منحرف ارکان کو دس دس کروڑ دینے کے بجائے کورونا سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں،شہباز شریف
لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے بچاؤ، تحفظ، علاج کے لئے جامع پالیسی اپنائی جائے، مزید وقت ضائع نہ کیاجائے،مرکزی اور صوبائی سطح پر کورونا کی مانیٹرنگ کا نظام قائم کیاجائے،کورونا سے نمٹنے میں پروفیشنل ایڈوائس کے لئے چین سے رابطہ کیاجائے،منحرف ارکان کو دس دس کروڑ دینے کے بجائے کورونا کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے مناسب فنڈز مختص کئے جائیں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ میں باربار خبردار کرکے اور توجہ دلاکر حکومت کو اس کے فرض کا احساس دلارہا ہوں،حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے باتوں، بیانات، دعووں اور پریس کانفرنسوں کے بجائے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے،وفاقی حکومت کورونا کے بڑھتے خطرات میں ابھی تک مرکزی کردار ادا کرنے میں ناکام ہے،وزیراعلی اور سندھ حکومت کو شاباش ہے کہ انہوں نے کورونا خطرات میں عوام کی جان بچانے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔