اسرائیل جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کو امریکا کے حوالے کردے گا، امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی، ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹر نگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کو امریکا کے حوالے کردے گا، اس کا مطلب یہ ہے کہ زمین پر کسی امریکی فوجی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیشنل پریئر بریک فاسٹ سے خطاب میں کہا کہ اگلے سال قیام امریکا کے 250 سال مکمل ہورہے ہیں، ہمیں دنیا کے سامنے مزید مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہیروز کو عزت دینے جارہے ہیں، نیشنل گارڈن آف امریکن ہیروز بنانے کا ایگزیکٹو آرڈر دے دیا ہے، آزادی اظہار رائے کا ہر صورت تحفظ کرنا ہوگا، امریکا ہمیشہ ایک قوم بن کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ریگن ایئرپورٹ پر گزشتہ دنوں المناک حادثہ ہوا، ریگن ایئرپورٹ پر حادثے میں کافی غلطیاں تھیں جو نہیں ہونی چاہئیں، ایئرٹریفک کنٹرول کیلئے نیا کمپیوٹرائزڈ نظام لائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تقریبات منسوخ کرنا پڑیں، لوگ ساتھ ساتھ نہیں بیٹھ سکتے تھے، کورونا وبا میں لوگ چرچ نہیں جاسکے، لوگوں نے انٹرنیٹ کا رخ کیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کے انتظامی کنٹرول اور فلسطینی رہائشیوں کو مستقل طور پر کسی اور ملک میں آباد کرنے کی سے متعلق اپنی ایک پوسٹ میں وضاحت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ ختم کرنے کے بعد اسے امریکا کے حوالے کردے گا، اس دوران وہاں بسنے والے فلسطینیوں کو پہلے ہی اس خطے سے زیادہ خوبصورت اور جدید گھروں میں منتقل کردیا جائے گا جہاں وہ زیادہ محفوظ ہوں گے، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔