ڈیرہ بگٹی میں موبائل انٹرنیٹ سروس کئی ماہ سے بند، طلبا مشکلات سے دوچار

ڈیرہ بگٹی (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گزشتہ کئی ماہ سے موبائل انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ضلع میں گزشتہ آٹھ ماہ سے 3 جی اور 4 جی انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بند ہے تاہم ضلع میں صرف پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس بحال ہے جو لاکھوں کے آبادی والے علاقے میں چند یک کو ہی میسر ہے جس میں بھی تعطل کی شکایات آرہی ہے
انٹرنیٹ کی عدم فراہمی کے باعث طلبا سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں افراد سخت مشکلات سے دوچار ہے اور ڈیرہ بگٹی کے شہری موبائل انٹر نیٹ بندش کے اقدام سے سخت نالاں نظرآرہےہیں
ایک طالب علم نے انتخاب کو بتایا ’ اس دور جدید میں بھی ہمارے علاقے کے طلبہ کوانٹرنیٹ جیسے بنیادی انسانی حق سے محروم رکھا گیا جس کی وجہ سے ان کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ‘۔ موبائل انٹرنیٹ معطل ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آپس میں رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی تاجر،صحافی اور آن لائن کام کرنے والے فری لانسر بھی متاثر ہیں۔
ڈیرہ بگٹی کے باشندوں نے بالا حکام تک اپنی آواز پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر #RestoreInternetinDeraBugti کے نام سے ایک ٹر ینڈ بھی چلائی۔
سماجی رابطے کے ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے مطالبہ کرتےہوئے لکھا ’ ڈیرہ بگٹی میں پچھلے ایک سال سے نیٹ ورک کی بند ش نے طلبا، اساتذہ اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے موبائل انٹر نیٹ کو جلد بحال کیا جائے ‘۔
اس سلسلے میں انتخاب نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے بھی رابطہ کر نے کی کوشش کی تا کہ انٹر نیٹ بندش کی وجوہات معلوم کیا جاسکیں لیکن کوئی جواب مل نہ سکا