پروفیشنل لائرز گروپ کی کامیابی آئین کی بالادستی کی علامت ہے، امان اللہ کنرانی

کوئٹہ(یو این اے )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پروفیشنل لائرز گروپ کے امیدواروں کی شاندار کامیابی کو آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔انہوں نے صدراتی امیدوار آصف نسوانہ سمیت پوری کابینہ کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی آئین میں 26ویں ترمیم کے خلاف ایک ریفرنڈم کے مترادف ہے۔اس سے قبل لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بھی پروفیشنل لائرز گروپ کی جیت نے حامد خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جس پر آل پاکستان لائرز ایکشن کمیٹی کے سربراہ منیر اے ملک سمیت تمام ممبران و عہدیداران کو مبارکباد دی گئی ہے۔امان اللہ کنرانی نے مزید کہا کہ یہ نتائج وکلا برادری کی آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے پرعزم جدوجہد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تحریک مزید منظم اور متحرک ہو کر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگی، جس سے عدلیہ کا وقار بحال ہوگا اور آئین میں 26ویں ترمیم کا اثر زائل ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں