کوئٹہ، صدر کا ایک روزہ دورہ، وی آئی پی موومنٹ کے باعث شہرمیں ٹریفک جام

کوئٹہ(یو این اے )صدر مملکت آصف علی زرداری بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ آمد کے موقع پر شہر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث بدترین ٹریفک جام ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ درجنوں گاڑیاں کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر پھنسی رہیں، جبکہ مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق، صدر مملکت کے روٹ پر سڑکوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں سریاب روڈ، اسپینی روڈ، جناح روڈ، علمدار روڈ، اور قندہاری بازار سمنگلی روڈ، زرغون روڈ، انسکمب روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں، مریضوں، طلبہ اور تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنس گئیں، اور مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں گھنٹوں تاخیر ہوئی، جس کے باعث ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔افطاری کے وقت بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی لوگ افطاری کے وقت سڑکوں پر ہی محصور ہو گئے، جبکہ روزہ داروں کو گاڑیوں میں ہی روزہ کھولنے پر مجبور ہونا پڑا۔ رکشے، موٹر سائیکل سوار، اور عام شہری گھنٹوں تک پریشانی میں مبتلا رہے، مگر انتظامیہ کی طرف سے کوئی متبادل انتظام نہیں کیا گیا۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ناقص انتظامات پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وی آئی پی موومنٹ کے دوران عام شہریوں کی تکالیف کا کسی کو خیال نہیں۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ عوام کو اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔