دالبندین میں بجلی کی بندش، ڈائلیسز کے مریض مشکلات کا شکار

دالبندین(آ ن لائن)دالبندین میں دن کے اوقات میں بجلی کی بندش سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریض شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، خصوصاً ڈائلیسز کے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث ہسپتال میں ڈائلیسز کا عمل متاثر ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ دالبندین بازار اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو)ہسپتال کے فیڈر پر رات کے وقت بجلی فراہم کی جاتی ہے، لیکن دن میں بجلی کی طویل بندش معمول بن چکی ہے۔ اس بندش کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے مریض ڈائلیسز نہ ہونے کی وجہ سے مزید تکلیف میں مبتلا ہو رہے ہیں، جس سے ان کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ڈائلیسز کے مریضوں اور عوامی حلقوں نے چیف کیسکو سے اپیل کی ہے کہ پرنس فہد ہسپتال کے فیڈر پر دن کے وقت بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ ان کی زندگیاں مزید خطرے میں نہ پڑیں۔