بھارتی حکومت کا جامعہ ٹیکس اصلاحات کا اعلان
نئی دہلی ( انتخاب نیوز ) بھارت میں حکومت نے ٹیکس میں متعدد اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں پہلی مرتبہ ٹیکس چارٹر جاری کیا اور ایماندار ٹیکس دہندگان کے لیے ‘شفاف ٹیکس ادائیگی۔ ایمانداروں کا احترام‘ کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم لانچ کیا ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پیش رفت کو ایک ‘نیا سنگ میل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹیکس چارٹر اپنانے والے دنیا کے چند ایک ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئی فیس لیس اسسمنٹ سسٹم کا بھی اعلان کیا۔ اس کے تحت ٹیکس دہندگان کو ٹیکس افسران کے خوف سے بڑی حد تک نجات مل جائے گی۔وزیر اعظم نے قومی ٹیلی ویزن پر اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ’نئے نظام میں مختلف طرح کے غیر ضروری دستاویزات فراہم کرنے کی پریشانی سے نجات مل جائے گی۔ اب تک دس لاکھ روپے سے زیادہ کے ٹیکس تنازعات کے لیے عدالت کے چکر لگانے پڑتے تھے اب اسے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردیا گیا ہے جبکہ دو کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹیکس تنازعات سپریم کورٹ میں حل کیے جائیں گے۔


