کوئٹہ، نان بائیوں کا نیا نرخ نامہ ماننے سے انکار، تندوروں کو بند کرنے کا انتباہ

کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ میں روٹی کی قیمت کم کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور نان بائیوں میں تنازع پیدا ہوگیا ہے۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے روٹی کی قیمت 10 روپے کم کرکے 30روپے کردی ہے جسے نان بائیوں نے ماننے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب نان بائی ایسوسی ایشن نے نئے نرخ نامے کو مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر منگل تک قیمت پر نظرثانی نہ کی گئی تو شہر بھر کے تمام تندور بند کر دیے جائیں گے۔ایسوسی ایشن کے رہنما رضا خان اور محمد نعیم خلجی نے گزشتہ روز کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت کا انحصار صرف آٹے پر نہیں بلکہ گیس، بجلی، دکانوں کے کرائے اور مزدوروں کی اجرت پر بھی ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے نہ صرف قیمت کم کی بلکہ وزن بھی 320گرام سے بڑھا کر 360گرام کر دیا ہے جس سے نان بائیوں کو نقصان ہوگا۔انہوں نے شکایت کی کہ فیصلہ سازی میں نان بائیوں کو شامل نہیں کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ روٹی کی قیمت کو کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں کے برابر لایا جائے۔ایسوسی ایشن کے مطابق کوئٹہ میں 1800سے زائد تندور کام کر رہے ہیں جن میں سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک 380بند کیے جا چکے ہیں اور اگر گرفتار افراد کو رہا نہ کیا گیا اور نرخ نامے پر نظر ثانی نہ کی گئی تو احتجاجا شہر بھر میں تندوروں پر تالے لگا دیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں