پاکستان نے ایٹمی ہتھیار استعمال کیے نہ ہی جنگ رکوانے میں امریکا کا کوئی کردار ہے،بھارت

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مِسری نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی جانب سے ایٹمی ہتھیار استعمال نہیں کیے گئے، تاہم جنگ بندی میں امریکا کے کسی بھی کردار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کرکے توجہ کا مرکز بننے کی کوشش کی تھی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مسری کا یہ بیان اس کے باوجود سامنے آیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار اس جنگ بندی میں اپنی انتظامیہ کے کردار کا کریڈٹ لے چکے ہیں، جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ ہندوستان ٹائمز نے ایک سینئر قانون ساز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ گزشتہ روز کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی زیر صدارت بھارت کی پارلیمانی کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس کے دوران وکرم مسری نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کی پیشکش پاکستان کی جانب سے آئی تھی اور مذاکرات میں کوئی اور ملک شامل نہیں تھا۔ جب ارکان پارلیمنٹ نے امریکا کے صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا کہ واشنگٹن نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ حل کرنے میں مدد دی، تو رپورٹ کے مطابق مسری نے کہا کہ نئی دہلی کی امریکا کے ساتھ معمول کے مطابق بات چیت ہوتی رہتی ہے، لیکن کوئی ثالثی نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں