بلوچستان ٹرانسپورٹر الائنس کی صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال

کوئٹہ:بلوچستان ٹرانسپورٹر الائنس نے 20اگست سے بلوچستان بھر میں غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جگہ جگہ چیک پوسٹوں پر سمگلنگ کے نام پر ٹرانسپورٹرز کو پریشان کیا جارہاہے صوبے میں موٹرویز نہ ہونے کے باوجود موٹر وے رولز لاگو کئے گئے ہیں حکام کو وقتاً فوقتاً اپنے مسائل سے آگاہ کرتے رہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑرہا ہے مطالبات کے حل تک پر امن جمہوری احتجاج جاری رہے گا ان خیالات کااظہار بلوچستان ٹرانسپورٹرز الائنس کے نمائندوں حاجی جمعہ خان بادینی،سعید احمد لہڑی،نذیراحمد بازئی،عبدالمالک محمد حسنی نے اپنے دیگر ٹرانسپورٹروں ملک رحیم کاکڑ،محمد نسیم،انعام الحق،حاجی نادر خان بادینی،سردار زادہ جمیل احمد محمد حسنی،حاجی اللہ بخش بادینی ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں نیشنل ہائی وے لکپاس،شیخ واصل اور بلیلی کے مقام پر ایف سی نے مسافر کوچز کو کسٹم کی ایماء پر تحویل میں لیکر مسافروں کو اتار دیا کوچز میں اشیاء خوردنوش کا سامان جس میں بسکٹ وغیرہ تھے کسٹم کی تحویل میں ہے اسمگلنگ کے نام پر ٹرانسپورٹروں کو آئے روز تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے کوئٹہ پنجگور،کوئٹہ کراچی،کوئٹہ سبی،ژوب کوئٹہ اور کوئٹہ چمن کے قومی شاہراہوں پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور ٹرانسپورٹروں کو اسمگلنگ کے نام پر روکا جاتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کومشکلات کا سامنا ہے بلکہ مسافر بھی شدید پریشانی سے دو چار ہیں رووٹ پر قافلے کیلئے دیا گیا وقت کو بھی کم کردیا گیا ہے جس میں اکثر گاڑیاں خالی ہوکر قافلے کا حصہ بنتی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اسمگلنگ کے حق میں نہیں ہیں تاہم اسمگلنگ کے نام پر ٹرانسپورٹرز کو بے جا تنگ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ہماری تجاویز شامل کئے جاتے تو صورتحال بہتر ہوتی این ایچ اے کی ناقص کارکردگی اور موٹر وے پولیس کا بے جا تنگ کرنا باعث افسوس ہے بلوچستان میں موٹر وے نہ ہونے کے باوجود موٹر وے رولز لا گو کئے گئے ہیں جو سر اسر نا انصافی ہے اگر مطالبات حل نہ ہوئے تو 20اگست سے بلوچستان بھر میں غیر معینہ مدت تک کیلئے احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں اس سلسلے میں قومی شاہراہوں پر گاڑیاں کھڑی کر کے بلاک کیا جائے گیا جس کے بعد تمام صورتحال کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں