ڈیرہ بگٹی، مختلف حادثات و واقعات میں ایک شخص قتل، 7 افراد زخمی

ڈیرہ بگٹی (یو این اے) ضلع ڈیرہ بگٹی میں دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق پہلا واقعہ تحصیل پھیلاوغ کے علاقے "شم” میں پیش آیا، جہاں دریحان نامی شخص نے رشتے کے تنازع پر فائرنگ کرکے علی دوست ولد پیشی قوم مسوری بگٹی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔دوسرا واقعہ سوئی میں ڈوڈوانی پل کے قریب پیش آیا، جہاں گھاس سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر قریب سے گزرنے والی آلٹو کار پر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ جبکہ ٹریکٹر ٹرالی اور کار پر سوار سات افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عطا الرحمن ترین کی ہدایت پر ڈی ایس پی خالد بزدار اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو تباہ شدہ گاڑی سے نکال کر فوری طور پر ویلفیئر ہسپتال سوئی منتقل کیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان ریفر کر دیا گیا۔ سوئی پولیس نے حادثے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں