بلوچستان میں امن و امان کی بہتری، عوام کی محرومیوں کاازالہ کیا جائے، صدر مملکت کی سرفراز بگٹی کو ہدایت

کراچی، کوئٹہ (یو این اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے بلاول ہاوس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان، ترقیاتی سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق جاری کوششوں پر بریفنگ دی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، خاص طور پر صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔صدر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام ملک کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، لہذا تمام ادارے باہمی تعاون سے حالات کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے موثر، پائیدار اور دیرپا اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ملاقات میں صدرِ مملکت نے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں