امریکی کمپنی اور ایف ڈبلیو او کے درمیان معدنیات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
ویب ڈیسک : امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز نے پاکستان میں اہم معدنیات کے حوالے سے فرنٹیئر ورکس ارگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او ) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔امریکی اسٹریٹجک میٹلز (یو ایس ایس ایم ) کے ایک وفد نے، جس کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن زیک ہارکن رائیڈر بھی تھے، آج وزیرِاعظم ہاو¿س میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او ) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا کہ ’ یہ دستخط امریکا-پاکستان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور مثال ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔’امریکی ریاست میزوری میں قائم یو ایس اسٹریٹجک میٹلز اہم معدنیات کی تیاری اور ری سائیکلنگ پر توجہ مرکوز کرتی ہے، جنہیں امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ اور توانائی کی پیداوار سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ایسے دوطرفہ معاہدوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نٹالی بیکر نے مزید کہا کہ’ ٹرمپ انتظامیہ نے اس طرح کے معاہدوں کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے کیونکہ اہم معدنی وسائل امریکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہیں۔’انہوں نے مزید کہا کہ’ ہم مستقبل میں امریکی کمپنیوں اور پاکستان میں ان کے شراکت داروں کے درمیان معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں مزید معاہدے دیکھنے کے منتظر ہیں۔’خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے رہے ہیں۔ رواں سال اپریل میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئرکی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات میں وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے موا قع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔دوران ملاقات قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کرتےہوئےامریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا تھا۔علاوہ ازیں رواں سال جولائی میں ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی و وسطی ایشیا کے لیے پوائنٹ پرسن میری بِشوپنگ نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے اہم معدنیات کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا تھا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں سال یونیورسٹی آف ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں منعقد ہونے والے سالانہ پاکستانی مینگو فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے میری بِشوپنگ نے کہا تھا کہ ’ہم مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، اقتصادی محاذ پر ہم باہمی طور پر فائدہ مند تجارت اور خاص طور پر پاکستان کے ترقی کرتے ہوئے اہم معدنیات کے شعبے میں تجارتی مواقع کو بڑھانے کی امید رکھتے ہیں‘۔


