وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، شہباز شریف کا مختلف شعبوں میں مالی معاونت پر اظہار تشکر
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر آج گیٹس فاﺅنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ 2025 کے سیلاب کے لیے گیٹس فاﺅنڈیشن کے فراخ دلانہ عطیے پر اظہار تشکر کیا، اور 2022 کے سیلاب کے دوران فاﺅنڈیشن کی نمایاں امدادی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت میں بہتری، نیز مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاﺅنڈیشن کی قیمتی معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پولیو کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے گیٹس فاو¿نڈیشن کے ساتھ شراکت داری نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ معاشی اصلاحات، کیش لیس ڈیجیٹائزیشن اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے گیٹس فاﺅنڈیشن کے عملی، مثبت اور قیمتی تعاون کا خاص طور پر اعتراف کیا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت، غذائیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ملک کی وسیع تر سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔


