ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات مفید رہی، پاکستان اور امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئیگی، وزیراعظم شہباز شریف

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی، اچھے ماحول میں ہونے والی اس میٹنگ سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ اتوار کو برطانیہ میں سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک کا نام روشن کررہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2 سے 3 سال قبل پاکستان کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی، مشترکہ کاوشوں سے آج ہماری معیشیت مستحکم ہورہی ہے، معیشت کی ترقی کا وقت آچکا ہے، معاشی استحکام بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ٹیم ورک کے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی، عسکری، معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خارجی معاذ، عسکری اور معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوا، ہم نے جنگ جیت کر دشمن کو شکست فاش دی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی شان و شوکت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے اپنے دائرے میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں، آپ لوگ پاکستان کے ایمبیسیڈرز ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں