امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کیلئے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش، وزیراعظم پاکستان نے توثیق کردی
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے پیر کو غزہ کے لیے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا، جس میں جنگ بندی، یرغمالیوں کا تبادلہ، عسکریت پسندی کے خاتمے اور ایک عبوری حکومتی ڈھانچے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے خبردار کیا کہ اگر فلسطینی تنظیم حماس نے یہ معاہدہ قبول نہ کیا تو اسرائیل کام مکمل کر دے گا، اہم مسلم ممالک نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے جبکہ یورپی اتحادیوں نے بھی حماس پر زور دیا ہے کہ وہ اس کو قبول کرے۔ ٹرمپ کی جانب سے اس منصوبے کے اعلان کے وقت پاکستان کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا گیا، اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس 20 نکاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دو ریاستی حل پر زور دیا، انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا کہ فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان پائیدار امن خطے میں سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعظم کے بیان پر ملک بھر میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، سیاستدانوں، ماہرین، صحافیوں اور کارکنوں نے اسے سرنڈر قرار دیا۔


