چند شر پسند عناصر دشمن کی ایما پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، محسن نقوی

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کے جذبے اور بہادری کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سب نے انتہائی ہمت، حوصلے اور جوانمردی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے، شرپسندی کے باوجود آپ نے تحمل سے کام لیا، آپ پاکستان کے بہادر سپوت ہیں اور ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کسی کو جازت نہیں جائے گی۔

مزید کہا کہ چند شر پسند عناصر دشمن کی ایما پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کو ہر گز کامیاب نا ہونے دیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، پمز ہسپتال میں اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں