پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا ہے، مشتاق خان کی رہائی کیلئے یورپ سے رابطے میں ہیں، ایاز صادق

لاہور (انتخاب نیوز) قائمقام صدر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا جب کہ سابق سینیٹر مشتاق کو اسرائیل کے چنگل سے چھڑوانے کے لیے اسحاق ڈار یورپ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ لاہور میں جی ٹی روڈ پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کی رہائی کے لئے قومی اسمبلی میں اسحاق ڈار نے جو تقریر کی وہ سن لیں وہ یورپ سے رہائی کے لئے مسلسل رابطہ میں ہیں اور اسرائیل کے چنگل سے سابق سینیٹر کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا اس لئے اس پر ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے، اسرائیل غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، ہم نے اسرائیلی جنگ بندی اور اس کے غزہ سے نکلنے کی بات کی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل کی سیاست لوگوں کو سچی بات نہیں بتا رہی، سی-پیک ون ہو یا ٹو ہم نے سازشوں کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے لیکن اب بھی مسلسل سازش ہورہی ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان فلسطین کا مسئلہ حل کرنے لگے ہیں تو کہتے ہیں سازش ہو رہی ہے، سازش کرنے والی قوتوں کا حکومت اور افواج پاکستان بھی مقابلہ کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں افواج پاکستان کی تنصیبات پر حملہ اچھی بات نہیں، ان شہدا کے خون کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور جن لوگوں نے کشمیر میں فوج پولیس یا رینجرز پر حملہ کیا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں