موجودہ حکومت کی تمام کارکردگی کا نچوڑ صرف پانچ گرین بسیں ہیں، وقت آگیا ہے کہ حق کیلئے للکارا جائے، مولانا واسع

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے مفکرِ اسلام حضرت مولانا مفتی محمود کانفرنس کی تشہیری مہم کے سلسلے میں پتاو¿ دولتزئی، سیبزئی اور دولتزئی سمیت متعدد یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔ ہر جگہ عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل عظیم الشان عوامی جلوس نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب میں مولانا عبدالواسع نے موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا عوام مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال میں پس کر رہ گئے ہیں۔ بارڈر کی طویل بندش نے روزگار کے دروازے بند کر دیے ہیں، اور عوام کا چولہا بجھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تمام کارکردگی کا نچوڑ صرف پانچ گرین بسز ہیں۔ عوام کو آج بھی روٹی، روزگار اور امن کی تلاش ہے۔مولانا عبدالواسع نے بڑے دوٹوک انداز میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے اپنے مختصر دورِ حکومت میں صوبے بھر میں یونیورسٹیاں، تین نئے میڈیکل کالجز، کیڈٹ کالجز اور متعدد ترقیاتی منصوبے قائم کیے، ابپاشی کے نظام کیلئے بڑے ڈیمز دئے ہیں جس سے صوبے میں پانی کا لیول بڑے حد تک محفوظ کیا. جو آج بھی عوام کی ترقی کی علامت ہیں۔ لیکن اس کے بعد سے صوبے کا ترقیاتی سفر گویا ریت میں دھنس گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کے وسائل سے حاصل ہونے والی دولت صوبے کے عوام کی فلاح پر خرچ نہ کی گئی تو جمعیت علمائے اسلام سیسہ پلائی دیوار بن کر حکومت کے سامنے کھڑی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گیارہ اکتوبر کو چمن میں بارڈر کی طویل بندش، ہزاروں لوگوں کی بے روزگاری، اور حکومت کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف ایک بڑی پرامن احتجاجی تحریک منظم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چمن کے عوام نے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ حق کیلئے للکارا جائے۔اسی تسلسل میں انہوں نے بتایا کہ 14 اکتوبر کو قلعہ سیف اللہ میں عظیم الشان مفکرِ اسلام مفتی محمود کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں فرزندِ قائد جمعیت، مولانا اسعد محمود خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی اضلاع، بالخصوص قلعہ سیف اللہ کے کارکنوں نے جس عزم و جوش کے ساتھ کانفرنس کی تیاریاں کی ہیں، وہ قابلِ دید ہیں۔ ہر یونین کونسل میں ہونے والے بڑے بڑے عوامی اجتماعات اس بات کا اعلان کر رہے ہیں کہ آنے والی مفتی محمود کانفرنس تاریخ کا رخ موڑ دینے والا اجتماع ثابت ہوگی۔مولانا عبدالواسع نے آخر میں کہا کہ قلعہ سیف اللہ جماعت کی دن رات محنتیں ضرور رنگ لائیں گی، کیونکہ جو لوگ خلوصِ نیت اور عزمِ صادق کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں، کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ انہوں نے دیگر اضلاع کے کارکنوں کو بھی تلقین کی کہ وہ قلعہ سیف اللہ کی تقلید کرتے ہوئے دل و جان سے محنت کریں، راتوں کو چراغ جلائیں، اور آنے والی کانفرنس کو تاریخ کا درخشاں باب بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں