رواں سال امن کا نوبیل انعام وینزویلا کی جمہوریت پسند رہنما ماریا کورینا مچاڈو کے نام کردیا گیا
کراچی (ویب ڈیسک) نوبل کمیٹی نے رواں سال کا نوبیل امن انعام وینزویلا کی جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنے والی رہنما ماریا کورینا مچاڈو کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ کے لیے ان کی انتھک جدوجہد اور آمریت سے جمہوریت کی جانب ایک منصفانہ اور پرامن انتقال اقتدار کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں ماریا کورینا مچاڈو کو نوبیل انعام دیا گیا۔ ماریا کورینا مچاڈو ایک معروف وینیزویلین سیاست دان، انجینئر اور جمہوریت کی علمبردار ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے سے اپنے ملک میں انسانی حقوق، آزاد انتخابات اور جمہوری نظام کے قیام کے لیے آواز بلند کی ہے۔ آمریت کے دباﺅ، سیاسی پابندیوں اور ذاتی خطرات کے باوجود انہوں نے جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی، جس کے اعتراف میں انہیں 2025 کا نوبل امن انعام دیا گیا۔ ماریا کورینا مچاڈو انجینئرنگ اور فنانس کی تعلیم یافتہ ہیں اور کاروبار کے شعبے میں انہوں نے مختصر عرصے تک کام کرنے کے بعد سال 1992 میں اَتینیا فاﺅنڈیشن قائم کی جو کاراکاس کے سڑکوں پر رہنے والے بچوں کی فلاح کے لیے کام کرتی ہے۔ 2002 میں انہوں نے سوماتے (Súmate) نامی تنظیم کی بنیاد رکھی، جو آزاد اور منصفانہ انتخابات کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور انتخابی تربیت و مانیٹرنگ کے کام انجام دیتی ہے۔ ماریا کورینا مچاڈو 2010 میں قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور ریکارڈ ووٹ حاصل کیے، تاہم 2014 میں حکومت نے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔ وہ وینٹے وینزویلا پارٹی کی سربراہ ہیں اور 2017 میں انہوں نے سوئی وینزویلا (Soy Venezuela) اتحاد کی بنیاد رکھی تھی، جو مختلف جمہوریت پسند قوتوں کو متحد کرتا ہے۔


