افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے چمن بارڈر کا راستہ کھول دیا گیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) حکومت پاکستان نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے چمن بارڈر کا راستہ کھول دیا۔ چمن کے سرحدی شہر میں اس وقت سیکڑوں افغان مہاجرین سرحد کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے تھے۔ ان مہاجرین کی واپسی کے لیے سرحد کھولنے کی درخواست علاقے کے قبائلی عمائدین قاری اسلم، علم یار، حاجی امین اللہ خان نورزئی اور دیگر مشران نے ایف سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران کی تھی۔ درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستانی حکام نے صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے راستہ کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم پاک افغان سرحد باب دوستی بدستور پیدل آمد و رفت اور مال بردار ٹرکوں کے لیے بند رہے گا۔ دوسری جانب قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ سرحد کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے بھی پاکستانی اعلیٰ حکام سے رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی یہ سرحد عام آمد و رفت کے لیے بھی کھول دی جائے گی۔


