سعد رضوی کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی اور سونا برآمد، تمام اشیا ضبط، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا

لاہور (انتخاب نیوز) ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جب کہ لاہور میں ان کے گھر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور سونا برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ چھاپہ صوبائی پولیس، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مشترکہ طور پر مارا تھا، اور سونے کے زیورات سمیت تمام اشیا ضبط کرلی گئی تھیں۔ ٹی ایل پی سربراہ کے گھر پر چھاپہ اس وقت مارا گیا جب اتوار کی شب تنظیم کے مارچ کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا گیا تھا، پولیس نے بتایا کہ سعد رضوی اس دوران مریدکے میں کریک ڈاﺅن کے وقت فرار ہو گئے تھے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو گھر سے بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی، سونا اور چاندی برآمد ہونے پر حیرت ہوئی، کیونکہ تحریک لبیک پاکستان کی تشکیل سے قبل سعد رضوی کا کوئی کاروبار نہیں تھا۔ ان انکشافات کے بعد حکام نے تحقیقات کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے ٹی ایل پی سربراہ، ان کے بیٹے اور دیگر اہل خانہ کے بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ تنظیم کے نام پر کتنی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد حاصل کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعد رضوی کے گھر سے مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی، جس میں 50 ہزار بھارتی روپے بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں