احتجاج کیس میں عدم حاضری، علیمہ خان کے چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے بدھ کے روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے۔ یہ اقدام گزشتہ سال نومبر میں پی ٹی آئی کی جانب سے کیے گئے احتجاجی مظاہروں سے متعلق کیس کی سماعت میں ان کی غیر حاضری پر کیا گیا۔ یہ چوتھی بار ہے کہ عدالت نے اس مقدمے میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ آج راولپنڈی کی اے ٹی سی میں صدیق آباد تھانے میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں 11 میں سے 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے, علیمہ خان کی غیر حاضری پر عدالت نے دوبارہ ناقابلِ ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ پولیس (راول ڈویڑن) سعد ارشد اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نعیم کو جعلی رپورٹ جمع کرانے پر شو کاز نوٹس جاری کیا اور انہیں توہینِ عدالت کے الزام میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ علیمہ خان ’چھپ گئی ہیں‘، جبکہ وہ اڈیالہ جیل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیکھی گئی ہیں۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایس پی سعد کو حکم دیا تھا کہ وہ 22 اکتوبر (آج) کو علیمہ خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں، عدالت نے ان کی ضمانتی مچلکے ضبط کرنے اور ضامن کی جائیداد کے دستاویزات کی تصدیق کا بھی حکم دیا تھا۔ آج کی سماعت میں عدالت نے ان کے ضامن کے مچلکے ضبط کر لیے اور علیمہ خان کو 10 لاکھ روپے کے نئے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت دی۔ مزید برآں، عدالت نے کیس میں شامل 4 گاڑیوں کے ضامنوں کے مچلکے بھی ضبط کر لیے، کیس کی سماعت اب 24 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔


