ہمارا مستقبل چین کیساتھ جڑا ہے،پاکستان اسرائیل کوکبھی تسلیم نہیں کریگا:وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک اور واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان نے کلیئر کر دیا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کو حق نہیں ملتا، اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ واضح ہو جانا چاہیے کہ ہمارا مستقبل چین کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں پہلے سیرحاصل ون آن ون میڈیا انٹرویو میں کیا۔

دوران انٹرویو انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی، پاک چین دوستی، اسرائیل، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل، معیشت، خطے کی صورتحال، ملکی مسائل اور سیاست سمیت مختلف ایشوز پر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کو ماننے کو میرا ضمیر کبھی نہیں مانے گا۔ اسرائیل کے بارے ہمارا موقف بڑا کلیئر ہے۔ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا۔ اگر ہم اسرائیل کوتسلیم کر لیں گے تو پھر کشمیر بھی چھوڑ دینا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین بارے ہم نے اللہ کو بھی جواب دینا ہے۔

پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ واضح ہو جانا چاہیے کہ ہمارا مستقبل چین کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ چین نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ چین کو بھی پاکستان کی بڑی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے مغربی ممالک بھارت کو چین کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چینی صدر نے رواں سال مئی میں پاکستان آنا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے دورہ تاخیر کا شکار ہوا۔ آئندہ سردیوں میں چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں