تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات، محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے وفد نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ رہنماﺅں میں موجودہ ملکی، سیاسی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی، خیبر پختونخوا میں امن وامان کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی جرگہ کے انعقاد کی تجویز پر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن نے قومی جرگہ کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وفد نے امیر جے یو آئی سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق کیا گیا، پی ٹی آئی وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر جے یو آئی سے تعاون کی درخواست بھی کی۔ پی ٹی آئی وفد میں سابق اسپیکر اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر، شہرام ترہ کئی شامل تھے، جے یو آئی کی جانب سے مولانا صلاح الدین ایوبی،جلال الدین ایڈووکیٹ، مولانا اسجد محمود ملاقات میں شریک تھے۔ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں