خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ کا بیان سکیورٹی اداروں کی توہین،سیکیورٹی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ایسے محب وطن سپوتوں کے بارے میں منفی اور بے بنیاد گفتگو کسی بھی ذی شعور پاکستانی کے لیے ناقابلِ قبول ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا بیان نہ صرف سکیورٹی اداروں کی توہین ہے بلکہ ان ہزاروں شہداءکے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اس وطن میں امن بحال کیا انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بیانات دشمن قوتوں کو خوش کرنے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، پوری قوم اور عالمی برادری ان کے کردار کی معترف ہے انہوں نے کہا کہ یہ وہی فورسز ہیں جنہوں نے بلوچستان سے لے کر خیبر تک اپنی جانیں نچھاور کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخروئی حاصل کی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو اپنے غیر ذمے دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے فی الفور معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ ایسے بیانات دشمن کے عزائم کو تقویت دیتے ہیں اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن سکیورٹی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ سکیورٹی فورسز ہمارے فخر اور استحکام کی علامت ہیں، اور بلوچستان حکومت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں