دہشتگردی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے، کل دہلی میں دھماکہ ہوا آج اسلام آباد میں دھماکہ ہوا، اچکزئی

کوئٹہ(یو این اے )تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی جہاں بھی ہو قابلِ مذمت ہے۔ کل دہلی میں لال قلعہ کے قریب دھماکہ ہوا جبکہ آج اسلام آباد میں دھماکہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہر وہ آئینی ترمیم جو پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنانے کیلئے ہوگی، ہم اس کی غیر مشروط حمایت کریں گے اور جو ترمیم پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کیلئے ہوگی، اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران انگریزوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے افغانستان سے تین مطالبات کر رہے ہیں ڈیورنڈ لائن کو تسلیم کرنا، افغانستان کی خارجہ پالیسی کو پاکستان کے زیرِ اثر لانا، اور کابل کی حکومت کو پاکستانی احکامات کے تحت چلانا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاہل اور نااہل حکمران دوست بنانے کا ہنر ہی نہیں جانتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں