بلوچستان میں گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 10 بجے کی بجائے 12 بجے کردی ، منیجرسوئی سدرن گیس کمپنی
کوئٹہ (آن لائن) سوئی سدرن گیس کمپنی کے گروپ جنرل منیجر شاہد شیخ اور ڈپٹی جنرل منیجر سلمان صدیقی نے کہا ہے کہ کمپنی نے بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے آج سے گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 10 بجے کی بجائے 12 بجے کردی ہے۔ اور 2 گھنٹے گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے عوام سے درخواست ہے کہ وہ گیس جیسی نعمت کو ضائع نہ کریں اورسردیوں میں کھانا پکانے اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے بعد سونے سے قبل گیس ہیٹر اور چولہوں کو اچھی طرح مین وال سے بند کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ کمپنی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر خلیل احمد میڈیا ریلیشن منیجر صدف عباس ، منیجر میڈیا ریلیشن صفدر حسین ، چیف انجینئر الطاف حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ شاہد شیخ ، سلمان صدیقی نے بتایا کہ قدرتی گیس کا استعمال بڑھ رہا ہے جبکہ اس کی فراہمی کم ہورہی ہے جس کی وجہ سے کمپنی کو عوام کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے لوڈ شیڈنگ کا سہارا لینا پڑتا ہے ہمارا ملک بھر میں 50 ہزار کلو میٹر سے زائد پائپ لائنوں کا نیٹ ورک موجود ہے جس کے ذریعے ہم عوام الناس کو گیس خرید کر آگے سپلائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے لئے عدالت کے احکامات کے بعد الگ ٹیرف دیا گیا ہے اور یہاں کے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ شدید سردی اور موسمی حالات کے باعث 2 گھنٹے کم کردیا ہے اور رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی مختلف شعبوں میں عوام کی فلاح و بہبود اور بہتری کو مد نظر رکھ کر کام کرتی ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ کمپنی نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہوتی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مچھ میں متاثر ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت آج رات مکمل کرلی جائے گی جس کے بعد عوام کو گیس کی فراہمی ممکن بنادی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی گیس کی بچت اور اس کے نقصانات کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے ہر سال خصوصی مہم شروع کرتی ہے جس کا آغاز کوئٹہ سے کیا جاتا ہے اور اسی سلسلے میں کمپنی کے اعلیٰ حکام کوئٹہ آئے ہوئے ہیں۔


