پی پی بلوچستان نے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی تبدیلی سے متعلق بیان کو مسترد کردیا

کوئٹہ(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی وزیر پارلیمانی لیڈر میر محمد صادق عمرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اتحادی جماعتوںکا وزیراعلیٰ کو مکمل اعتماد حاصل ہے اور وزیراعلیٰ اپنی مدت پوری کریں گئے اپنی جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے حصول اور بلوچستان کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کیلئے اپنی قلیدی کردار ادا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت اور وزیراعلیٰ کی تبدیلی سے متعلق آئے روز بے بنیاد اور من گھڑت قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو تمام اتحادی جماعتوں کا مکمل اعتماد اور حمایت حاصل ہے ایسی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی خبریں چلا کر سستی شہرت حاصل کر نے کی کوشش کی جاتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سینیٹر سردار عمر گرگیج نے اس خبر کو غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان کے بارے میں نشر ہونے والی خبر گمراہ کن ہے اور پیپلز پارٹی اس کی سختی سے تردید کرتی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان کی تبدیلی کے حوالے سےخبر میں کوئی صداقت نہیں۔ ایک بیان میں سینیٹر سردار گرگیج نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی صوبے میں سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کے کسی رہنما، کسی فورم یا کسی تنظیمی سطح پر وزیر اعلی کی تبدیلی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس طرح کی افواہیں محض بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی صوبائی حکومت، اتحادی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر استحکام اور ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ پارٹی کسی بھی غیر سنجیدہ یا نامکمل اطلاع پر مبنی رپورٹ کو مسترد کرتی ہے۔سینیٹر سردار عمر گرگیج نے کہا کہ اگر پارٹی کی جانب سے کوئی بھی پالیسی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اسے افواہوں یا غیر مصدقہ ذرائع کے ذریعے نہیں بلکہ باضابطہ اعلان کے ذریعے سامنے لایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں