ماریا کورینا مچاڈو نوبیل انعام وصول کرنے ناروے گئیں تو مفرور قرار دی جائیں گی، وینزویلا حکومت کی وارننگ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال نوبیل امن انعام جیتنے والی وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو کو حکومت نے وارننگ دی ہے کہ اگر وہ نوبیل امن انعام وصول کرنے ناروے گئیں تو انہیں مفرور قرار دے دیا جائے گا۔ ماریا مچاڈو پہلے ہی گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوشی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ بی بی سی کے مطابق فرانسیسی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے وینزویلا کے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کہ ماریا کورینا مچاڈو پر ’سازش، نفرت انگیزی اور دہشت گردی‘ جیسے الزامات عائد ہیں اور اگر وہ ناروے جا کر اپنا نوبیل انعام وصول کرتی ہیں تو انہیں قانوناً مفرور تصور کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ ماریا گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں اور ان پر حکومت مخالف سازش کرنے، عوام کو بھڑکانے اور دہشتگردی کے الزامات ہیں۔ ماریا مچاڈو کو رواں برس اکتوبر میں نوبیل امن انعام کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جہاں انہیں ’آمریت سے جمہوریت کی جانب پرامن انتقال اقتدار کی کوششوں‘ پر سراہا گیا۔


