بھارت سے تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کیلئے نان ٹیرف فیس کو صفر تک لایا جائے گا، افغان وزیر صنعت

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے افغانستان اور بھارت کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کے سلسلے کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عزیزی نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی کوششوں کے تحت دونوں ممالک کے درمیان نان ٹیرف فیس کو صفر تک لایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ دونوں فریقین نے آئندہ ماہ کے اندر نئی دہلی اور کابل میں تجارتی اتاشی کی تقرری پر اتفاق کیا ہے، جس سے تجارتی ہم آہنگی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ وزیر نے افغان اور ہندوستانی مالیاتی اداروں کے درمیان گہرے بینکاری روابط کی امید ظاہر کی تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاو¿ کو آسان بنایا جاسکے۔ عزیزی نے متعدد اضافی اقدامات کا خاکہ پیش کیا، جن میں تجارتی کمیٹیوں کو دوبارہ فعال کرنا، چابہار بندرگاہ کے استعمال میں اضافہ، کارگو پروازوں کی توسیع، اور نجی شعبے کی شراکت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ چیمبر آف کامرس کی تشکیل شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان اور بھارت مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ایک دوسرے کے ممالک میں سالانہ تجارتی نمائشیں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ عزیزی نے نئی دہلی کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے کابل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، "ان اقدامات سے افغانستان اور بھارت کے درمیان تجارت کو ایک نئی سطح تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں