سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت محکمہ تعلیم میں نہ کوئی نوکری بکی ہے، نہ بکنے دی جائے گی، راحیلہ درانی

کوئٹہ (آن لائن) صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں محنت اور کارکردگی کے باوجود کرپشن کسی نہ کسی شکل میں سامنے آ جاتی ہے۔ خاص طور پر طالبات اور نوجوان نسل کی سوچ کو مثبت سمت دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نعمت ہے جو کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا، اور ہمارے آبا اجداد کی قربانیوں سے وجود میں آیا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی میں ایمانداری اور دیانت کو بنیاد بنائیں۔انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان اور قومی احتساب بیورو بلوچستان کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں صوبائی سطح کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے پاس اسلام جیسا مکمل ضابطہ حیات موجود ہے جو ہر چیز کا واضح راستہ بتاتا ہے۔ اگر ہم اپنی سوچ اور رویے درست کر لیں تو معاشرہ خود بخود سدھر سکتا ہے۔ بعض اوقات ایک جملہ زندگی بدل دیتا ہے، میری دعا ہے کہ آج کی تقریب میں کہا گیا کوئی ایک لفظ بھی آپ سب کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کرپشن سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت موجودہ حکومت نے اس پورے نظام کو میرٹ پر اور شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں نہ کوئی نوکری بکی ہے، نہ بکنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنایا ہے اور میرٹ کو اولین ترجیح دی ہے۔ جو اساتذہ بھرتی ہو رہے ہیں وہ خالصتا میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر منتخب کیے جا رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ بلوچستان تعلیم کے شعبے میں ہر قسم کی کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو ایک بہتر، صاف اور مضبوط تعلیمی نظام فراہم کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ مقابلے قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے اشتراک سے منعقد ہوئے، جن کا مقصد نوجوانوں میں دیانت داری، شفافیت، تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان عمران اختر مجید، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد حسین بلوچ، جوائنٹ ڈائریکٹر پروفیسر سادیہ نیاز، پرنسپل گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ سادیہ فاروقی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں دیگر مقررین نے طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوان نسل میں مثبت سوچ، اخلاقی اقدار اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا ملک و قوم کے اثاثہ ہیں۔ بدعنوانی کے خاتمے میں ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسکا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ مقابلوں میں شریک طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اساتذہ اور شرکا نے ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور نیب بلوچستان کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا ۔ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے کامیاب مقابلوں کے انعقاد پر تمام شرکا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔اس سے قبل تقریب میں مختلف کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوئے جن میں اردو تقریری مقابلہ، انگریزی، تقریری مقابلہ، اردو مضمون نویسی، انگریزی مضمون نویسی، پوسٹر سازی، پینٹنگ، تخلیقی قلم شامل تھے۔ ان مقابلوں میں بلوچستان بھر سے کالجوں کے 53 طلبا و طلبات نے حصہ لیا۔ آخر میں وزیر تعلیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں