بلوچستان کیلئے میرا وژن ایک جامع ترقی کا ہے، گورنر
کوئٹہ (آن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کیلئے میرا وژن ایک جامع ترقی کا ہے جہاں ہر شہری کو معیاری تعلیم، طبی سہولیات اور معاشی ترقی کے مواقعوں تک رسائی حاصل ہو۔ اس وقت ہمیں عوام کو درپیش تمام اہم مسائل و مشکلات سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ عوام کے منتخب تمام نمائندوں پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنے انتخابی حلقے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں. اسطرح عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اعتماد کی تعمیر، عوام کی شرکت کو فروغ دینے اور نچلی سطح پر اپنے حقوق و اختیارات کا احساس جگانا بھی آپ کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز اور دیگر رہنماں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی، پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، صوبائی وزرا میر عاصم کرد گیلو، راحیلہ حمیدخان درانی، میر شعیب نوشیروانی، حاجی برکت رند، زریں خان مگسی، حاجی محمدخان لہڑی، نسیم الرحمن ملاخیل، زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ افیئرز کوآرڈینٹر حیدر خان اچکزئی اور دیگر صوبائی رہنما اور کیڈرز موجود تھے. وفد نے گورنر بلوچستان کو بلدیاتی امیدواروں کے انتخابات، امیدواروں کی تفصیلات اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے تشکیل دینے والی کمیٹی کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری پارٹی ہمیشہ انصاف، مساوات اور سب کیلئے مواقع کے اصولوں کیلئے کھڑی رہی ہے۔ پارٹی ورکرز کی حیثیت سے آپ ہماری تنظیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ آپ کی لگن، جذبہ اور محنت ہی ہماری کامیابی کو آگے بڑھاتی ہے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے طور پر آپ کو ہماری کمیونٹیز کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ آپ کا تنظیمی فریضہ بنتا ہے کہ اپنی پارٹی کی اقدار کے علمبردار بنیں، اپنے حلقوں باشندوں کے تحفظات سنیں اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انتھک محنت کریں۔


