ڈپٹی کمشنر کچھی کا ضلع بھر میں 10 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم، اسلحے کی نمائش، ڈبل سواری پر پابندی عائد
بولان(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جو 10 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کچھی کی تمام قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو سختی سے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے حکم نامے کے مطابق ضلع میں اسلحے کی نمائش و استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری(خواتین و بچوں کے علاوہ)گاڑیوں پر سیاہ شیشے لگانے، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل چلانے، پانچ یا زیادہ افراد کے اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اسی طرح عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے، مفلر یا ماسک کے استعمال سے شناخت میں رکاوٹ ڈالنے اور بغیر قانونی اجازت کے دھماکہ خیز مواد کی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت مانیٹرنگ، گشت، اور ضرورت کے مطابق چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ قوانین کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس ارسال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔


