کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کا کمپریسر بیچنے، لگانے اور استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شہر میں گیس پریشر میں مسلسل کمی کے مسئلے کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ایس جی سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں کم پریشر کی بڑی وجہ گھروں اور مارکیٹوں میں کمپریسرز کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کمپریسر بیچنے، لگانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری اور بھرپور کارروائی کی جائے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں خصوصی ٹیمیں بنا کر مسلسل کریک ڈاون جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی،جبکہ ایس ایس جی سی کو فیلڈ ٹیمیں فعال کرتے ہوئے مشترکہ ا?پریشنز کا طریقہ کار مرتب کرنے کا کہا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گیس کی منصفانہ فراہمی حکومت کی ترجیح ہےاور کمپریسر مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو سردیوں میں گیس پریشر کے حوالے سے مشکلات درپیش ہے خصوصا کھانے پکانے کے اوقات میں گیس پریشر سے گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں لہذا اس مسئلہ کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔


