حکومت نے کوئٹہ شہر کے ہوٹلوں کی ٹیکس رجسٹریشن اور پوائنٹ آف سیل سسٹمز کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے ،بلوچستان ریونیو اتھارٹی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان حکومت کا کوئٹہ شہر کے تمام ریستورانوں اور ہوٹلوں کی ٹیکس رجسٹریشن اور پوائنٹ آف سیل (PoS) سسٹمز کی تنصیب کا فیصلہ، سسٹم نصب نہ کرنے والوں کو کاروبار کر نے کی اجازت نہیں دی جائےگی ۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کے حکام کے مطابق صوبے میں شفاف ٹیکس نظام کے فروغ اور ریونیو میں بہتری کے لیے ایک جامع مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں کوئٹہ شہر کے تمام ریستورانوں اور ہوٹلوں کی ٹیکس رجسٹریشن اور پوائنٹ آف سیل (PoS) سسٹمز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیاہے۔حکام کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا، کاروباری معاملات میں شفافیت لانا، صوبائی محصولات میں اضافہ کرنا اور عوامی خدمات کے لیے مالی وسائل کو مضبوط بنانا ہے۔ حکام نے بتایا کہ BRA کی خصوصی ٹیمیں شہر بھر میں معائنہ کریں گی اور تمام متعلقہ کاروباری اداروں کی رجسٹریشن، دستاویزی جانچ اور PoS کے فوری نفاذ کو یقینی بنائیں گی۔حکام نے بتایا کہ جو کاروباری ادارے مقررہ ضوابط کی پابندی نہیں کریں گے، رجسٹریشن یا PoS کی تنصیب میں تاخیر کریں گے یا تعاون سے گریز کریں گے، انہیں شہر میں کاروبار جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔حکا م کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف کاروباری ماحول بہتر ہوگا بلکہ صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اہم پیش رفت متوقع ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں