ریاست کیخلاف ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، برطانیہ شہزاد اکبر اور عادل راجہ کو پاکستان کے حوالے کرے، وزیر داخلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات جین میریٹ کے حوالے کردیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، سیکورٹی تعاون اورباہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کےامور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کے حکومت پاکستان کی طرف سے حوالگی کے کاغذات جین میریٹ کے حوالے کیے۔ شہزاد اکبر اورعادل راجہ کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کرنے سے متعلق گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افراد مطلوب ہیں ان کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کیخلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کئے اور کہا آزادی اظہار پرپورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لئے مسئلہ ہے، بیرون ملک بیٹھ کرریاست اوراداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کی کوئی ملک اجازت نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈاکرنیوالوں کی واپسی کیلئے برطانوی تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے بذریعہ وزارت خارجہ بھی حوالگی کا پروسس شروع کردیا ہے، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اوردیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں