ریاض میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی، سعودی عرب
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے اور ریاض میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام نےحملہ آور ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کر دیا۔میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے عراقی سرزمین سے کیے گئے، ڈرون حملوں میں ایران کے حمایت یافتہ دہشتگرد ملیشیا ملوث ہیں، سعودی مسلح افواج مناسب وقت پر جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔ترجمان سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ عراق سے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے حملے کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔
پاکستان نے سعودی عرب میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز حملے پورے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔پاکستان نے خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے حصول کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔


