افغانستان، طالبان کے اجتماع پر فضائی حملے میں3 کمانڈروں سمیت 37 عسکریت پسند ہلاک،درجن سے زائد زخمی

میمنہ ، افغانستان: افغانستان کے شمالی صوبہ فریاب میں طالبان کے اجتماع کی جگہ پر جنگی طیاروں کے حملے میں 3 کمانڈروں سمیت مجموعی طور پر 37 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات شمالی خطے میں فوج کے ترجمان محمد حنیف ریضائی نے بدھ کے روز بتائی۔ریضائی نے شِنہوا کو بتایا کہ بدھ کے روز صبح سویرے ایک خفیہ اطلاع پر جنگی طیاروں نے مزاحمتی اضلاع قیصار اور خواجہ سبز پوش میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک اجتماع پر حملہ کیا۔جس میں بدنام کمانڈر ملا صادق ، ملا بشیر اور فیض اللہ سمیت 37 عسکریت پسند موقع پر ہی مارے گئے ۔حکام نے کہا کہ فضائی حملوں میں ایک درجن سے زائد دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حملے کو قبل از وقت کارروائی قرار دیتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ طالبان جنگجو مذکورہ اضلاع میں سیکورٹی چوکیوں پر حملہ کرنے کے منصوبوں پر عمل کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے لیکن ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔کابل کے شمال مغرب میں 425 کلو میٹر دور صوبہ فریاب جس کا دارالحکومت فریاب ہے کے مختلف حصوں میں سرگرم طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں