تعلیم کو فروغ دے کر ترقی کے نئے منازل طے کیے جاسکتے ہیں،صادق سنجرانی
اسلام آ با د+دالبندین :چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ تعلیم کو فروغ دے کر ترقی کے نئے منازل طے کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اساتذہ کرام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں بلوچستان کے اساتذہ کی ایک وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے مرکزی صدر حاجی مجیب اللہ غرشین، منظورراہی بلوچ، علی احمد شاہوانی، وڈیرہ غلام فاروق عمرانی اور شوکت ایجباڑی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے اساتذہ کے سروس اسٹرکچر، پروموشن، تنخواہوں میں اضافے، سالانہ انکریمنٹ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اساتذہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اساتذہ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اس سلسلے میں خود بھی وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کو مراسلہ ارسال کرکے متذکرہ مسائل سے آگاہ کرے گا۔


