نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد:مہنگائی میں پسے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ جاری کر دیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین پر164ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دے دی۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 1روپے62 پیسے فی یونٹ اضافہ کیاگیا ہے،قیمتوں میں اضافہ 20-2019میں ایڈجسمنٹ کی مدمیں کیاگیا۔قیمتوں میں اضافے سے عوام پر 162ارب کا اضافی بوجھ پڑیگا، قیمتوں میں اضافے کااطلاق اسلام آبادکے نوٹیفکیشن کے بعدہوگا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اضافے کے بعد2018-19کی ایڈجسٹمنٹ ختم ہوجائیں گی۔نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کردیا۔گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 73 ارب 6 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر پڑے گا۔گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے تحت 91 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر پڑے گا۔واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق کے-الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔اس حوالے سے نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی قیمت میں اضافہ اکتوبر سے دسمبر 2019 اور جنوری سے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر کیا گیا۔نیپرا حکام نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کی صارفین سے 12 ماہ میں وصولی وفاقی حکومت سے لی جائیگی۔