اسد اچکزئی کا اغوائ، بازیابی کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں، شاہینہ مہترزئی
کوئٹہ :عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ مہتر زئی نے اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کے کوئٹہ سے لاپتہ کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کی سب سے اہم شاہراہ پر بھی شہری محفوظ نہیں۔ بلوچستان کے تمام شاہراہوں اور شہروں کے اندر اور باہر سینکڑوں چیک پوسٹوں کی بھرمار لگی پڑی ہے لیکن اس کے باوجود انسانی گمشدگیوں کے مسلسل واردات دیکھنے کو مل رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر کے حالات مخدوش صورتحال کا شکار ہیں.لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ ایک عام شہری کیلئے اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کرنا اجیرن کردی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ اے این پی بلوچستان کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری کا اغوا قابل مذمت ہے اور اس قسم کے واقعات صوبے کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھارہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی پریس سیکرٹری کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے. جبکہ اسد خان اچکزئی سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ریاست اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے فوری طور پر ان کی رہائی کے لئے سخت سے سخت اقدامات اٹھائے. انہوں نے تمام کارکنوں کو تاکید کی گئی کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے صوبہ بھر کے مختلف ضلعوں میں اعلان کیے جانے والے مظاہروں میں اپنی بھرپور شرکت یقینی بنائیں.